Jo Madina Ky Taswr Mn Jia Karta Hn

جو مدینے کے تصور میں جیا کرتے ہیں

جو مدینے کے تصور میں جیا کرتے ہیں
ہر جگہ لطف مدینے کا لیا کرتے ہیں
عشق سرور میں جو ہستی کو فنا کرتے ہیں
بھید الفت کے فقط ان پہ کھلا کرتے ہیں
مال دولت کی دعا ہم نہ خدا کرتے ہیں
ہم تو مرنے کی مدینے میں دعا کرتے ہیں
آگ دوزخ کی جلا ہی نہیں سکتی ان کو
عشق کی آگ میں دل جن کے جلا کرتے ہیں
در نایاب بلاشک ہیں وہ ہیرے انمول
اشک آقا کی جو یادوں میں بہا کرتے ہیں
درد و آلام میں تسکین انہیں ملتی ہے
نام ان کا جو مصیبت میں لیا کرتے ہیں
تو سلام آقا کے دربار میں جا کر کہنا
التجا تجھ سے ہم اے باد صبا کرتے ہیں
جستجو میں کیوں پھریں مال کی مارے مارے
ہم تو سرکار کے ٹکڑوں پہ پلا کرتے ہیں
سنتوں کی وہ بنے رہتے ہیں ہر دم تصویر
جام جو ان کی محبت کا پیا کرتے ہیں
آپ کی گلیوں کے کتوں پہ تصدق جاؤں
کہ مدینے کی وہ گلیوں میں پھرا کرتے ہیں
چاند سورج کا مقدر بھی تو دیکھو اکثر
گنبد خضراء کے نظارے کیا کرتے ہیں
جھلملاتے ہوئے تاروں کی بھی قمست دیکھو
گنبد خضراء کے نظارے کیا کرتے ہیں
مسجد نبوی کے پرنور مینار ہردم
گنبد خضراء کے نظارے کیا کرتے ہیں
با مقدر ہیں مدینے کے کبوتر یارو !
گنبد خضراء کے نظارے کیا کرتے ہیں
رشک عطار کو ان ذروں پر آتا ہے جو
ان کی نعلین کے تلوؤں سے لگا کرتے ہیں
قابل رشک ہیں عطار وہ قسمت والے
دفن جو میٹھے مدینے میں ہوا کرتے ہیں